حیدرآباد۔12اکٹوبر (اعتماد نیوز)
سعودی شہزادے ترکی الفیصل نے حج کے انتظام میں دیگر مسلم ممالک کو شریک کرنے کی تجویز کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اس کو خود مختاری اور استحقاق کا معاملہ سمجھتا ہے۔
بی بی سی کے مطابق شہزادہ ترکی نے کہا کہ مقدس مقامات اور حج کی نگرانی سعودی عرب کے لیے خود مختاری اور استحقاق کا معاملہ ہے۔سعودی عرب نے گذشتہ کئی سالوں میں مختلف حالات میں حج
کا انتظام کیا جن میں بیماریاں، رہائش وغیرہ شامل تھے۔ ہم اپنا استحقاق یا خادمین حرمین شریفین کا امتیاز نہیں جانے دیں گے۔یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اس واقعے سے ایران سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور ایرانی رہنما یہ بات بار بار کر چکے ہیں۔
سعودی شہزادہ ترکی الفیصل نے یہ بات ایسے وقت کی ہے جب سعودی عرب پر منیٰ میں بھگدڑ کے دوران 769 افراد کی شہادت کے بعد تنقید کی جا رہی ہے۔ایران نے اس واقعے پر ریاض پر بدانتظامی کا الزام عائد کیا اور ایک آزاد ادارے کے قیام کا مطالبہ کیا ہے جو حج کے انتظامات کو دیکھے۔